بنگلورو۔31؍مئی(ایس او نیوز /عبدالحلیم منصور) نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت برہت بنگلور مہانگر پالیکے میں آنے والے اسپتالوں میں دواؤں کی فراہمی اور عملے کے تقرر میں مبینہ کروڑوں روپیوں کی دھاندلیوں کی بی بی ایم پی سی آئی ڈی جانچ کیلئے تیار ہے۔یہ اعلان آج شہر کے میئر منجوناتھ ریڈی نے کیا۔کونسل اجلاس میں بی جے پی کارپوریٹر این ناگراج کی طرف سے نیشنل ہیلتھ مشن میں مبینہ دھاندلیوں اور محکمۂ صحت کے افسران کی طرف سے دواؤں کی خریداری کیلئے مختص رقم سے فرنیچر کی خریداری کی شکایات کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ پر میئر نے کہاکہ اس معاملے میں پہلے ہی ٹی وی سی سی کے ذریعہ جانچ کے احکامات صادر ہیں جانچ کی رپورٹ ابھی نہیں ملی ہے، رپورٹ ملنے کے بعد مزید حقائق سامنے لانے کیلئے سی آئی ڈی جانچ کے احکامات صادر کئے جائیں گے۔مسٹر ناگراج نے بتایاکہ شہر بھر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے پر بی بی ایم پی کے کسی بھی اسپتال میں دوا دستیاب نہیں ہے، اس دوا کی خریداری پر سالانہ کروڑوں روپے مختص کئے جاتے ہیں لیکن دوا خریدنے کی بجائے بی بی ایم پی کے افسران نے فرنیچر خریداہے۔ اس فرنیچر کی خریداری کے عوض بھاری رقومات بی بی ایم پی سے منظور کروائی جاچکی ہیں۔ میئر نے ان تمام الزامات کا جائزہ لینے اور مناسب کارروائی کا یقین دلایا۔
اثاثہ ٹیکس رعایت میں توسیع:کونسل اجلاس کے دوران بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد نے اثاثہ ٹیکس کی پیشگی ادائیگی پر پانچ فیصد رعایت میں 30جون تک توسیع کرنے کے سلسلے میں حکومت کو ایک تجویز روانہ کرنے کا یقین دلایا ، اپوزیشن لیڈر پدمانابھا ریڈی کی طرف سے یہ معاملہ اٹھائے جانے اور آن لائن ٹیکس ادائیگی میں عوام کو پیش آنے والے دقتوں کی نشاندہی کئے جانے پر کمشنر نے مانا کہ آن لائن اثاثہ ٹیکس ادائیگی میں کا دکا خامیاں پائی جاتی ہیں۔اسی لئے اثاثہ ٹیکس میں پانچ فیصد رعایت کی توسیع کی مانگ سے بی بی ایم پی انتظامیہ متفق ہے۔ دوبار اس رعایت کی تاریخ کو بڑھایا جاچکا ہے۔ عوام کی سہولت کیلئے دوبارہ 30 جون تک اس میں توسیع کرنے کیلئے ریاستی حکومت سے گذارش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اڈیشنل چیف سکریٹری سے اس ضمن میں بات چیت کی جائے گی۔